کاروار 31/اگست (ایس او نیوز) گنیش چترتھی اور بقر عید کے پس منظر میں ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لئے محکمہ پولیس نے چو کسی اختیار کی ہے۔ خاص کربقر عید پر قربانی کے لئے گائے اور بیلوں کی سپلائی روکنے کے مقصد سے ضلع کے 30مقامات پر عارضی چیک پوسٹ قائم کیے گئے ہیں۔
یہ چیک پوسٹ نیشنل اور اسٹیٹ ہائی ویز کے مخصوص مقامات پر لگائے گئے ہیں جہاں پر اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔یہ پولیس اہلکار یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں پر 24گھنٹے گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور جس کسی گاڑی پر بھی شبہ ہوتا ہے اس کی پوری طرح تلاشی لینے کے بعد ہی اسے وہاں سے آگے بڑھنے دیا جاتا ہے۔ ہر چیک پوسٹ پر 4 تا 5 پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔گاڑیوں کے نمبر اور ڈرائیوروں کے نام بھی ایک رجسٹر میں درج کیے جا رہے ہیں۔ چونکہ بقر عید قریب آ گئی ہے اس لئے بڑے جانوروں کے سپلائی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ہرایک گوُڈس رکشہ کی تلاشی لازمی طور پر لی جارہی ہے۔
کاروار تعلقہ میں کالی ندی کے پُل، لنڈن برڈج اور کڈواڈ میں ناکہ بندی کی جارہی ہے۔ یہاں گوا سے آنے والی گاڑیوں میں بڑے جانوروں کے علاوہ گوا کی شراب غیر قانونی طور پرسپلائی ہونے کے اندیشہ کو نظر میں رکھ کر پولیس سب سے زیادہ چوکسی برت رہی ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق بقر عید ختم ہونے تک یہ ناکہ بندی جاری رہے گی۔